بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 25 سالہ بیوٹیشن کو اس کے شوہر نے اسپا سینٹر کے اندر چاقو کے متعدد وار کر کے قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقتولہ بنگی ڈیبورا ایک اسپا سینٹر میں ملازمت کرتی تھی جبکہ ملزم راجو آٹو رکشہ چلاتا ہے۔ واقعے کے روز راجو چاقو لے کر اسپا سینٹر پہنچا اور عملے کے سامنے اپنی بیوی سے جھگڑا کرنے کے بعد اس پر حملہ کر دیا۔ شدید زخمی ہونے کے باعث خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس کے مطابق میاں بیوی کے درمیان گزشتہ کافی عرصے سے تنازعات چل رہے تھے اور دونوں دو سال سے علیحدہ رہ رہے تھے۔ ان کے درمیان طلاق کا مقدمہ بھی عدالت میں زیرِ سماعت تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گھریلو جھگڑے، بدگمانی اور ذاتی اختلافات اس قتل کی بنیادی وجہ بنے۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ملزم کے خلاف 2016 میں مقتولہ کے اغواء کا مقدمہ بھی درج ہو چکا تھا۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔