راولپنڈی میں 14 سالہ بچی اغوا کے بعد بے دردی سے قتل

راولپنڈی میں 14 سالہ بچی اغوا کے بعد بے دردی سے قتل

راولپنڈی میں ڈھوک حسو سے دو روز قبل لاپتہ ہونے والی 14 سالہ بچی مصباح کی بوری بند لاش لیڈیز پارک کیرج فیکٹری روڈ سے برآمد ہوئی۔

اطلاعات کے مطابق، بچی 22 جنوری کو گھر سے بوتل لینے کے لیے دوکان گئی تھی لیکن واپس نہیں آئی اور لاپتہ ہو گئی۔ اس کے اغواء کا مقدمہ 23 جنوری کو تھانہ رتہ امرال میں اس کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ مدعی مقدمہ نے لاش کی شناخت کر لی اور اسے پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق بچی کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کیا گیا یا نہیں، اس بارے میں حتمی معلومات پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سامنے آئیں گی۔

لاش ملنے کی اطلاع پر ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹیگیشن اور ایس پی راول پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ پولیس نے کہا ہے کہ واقعے کی تمام زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔