اداکارہ مومنہ کو ہراسانی کا سامنا، مریم نواز سے مدد کی اپیل کردی

لاہور(شوبز ڈیسک )پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ مومنہ اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ وہ طویل عرصے سے مبینہ آن لائن ہراسانی، سائبر بْلنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا کر رہی ہیں۔ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں دعویٰ کیا کہ ایک سیاسی شخصیت سے وابستہ فرد کی جانب سے انہیں اور ان کے اہلخانہ کو شدید ذہنی دباؤ اور خوف کا سامنا ہے۔مومنہ اقبال نے 2018 میں ڈرامہ ’پارلر والی لڑکی‘ سے اداکاری کا آغاز کیا تھا، اپنی بہترین اداکاری اور دلکش اسکرین پریزنس کے باعث کم وقت میں شوبز انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کر چکی ہیں۔ وہ ’خدا اور محبت 3‘، ’عہدِ وفا‘، ’سمجھوتہ‘، ’احسان فراموش‘ اور ’دو کنارے‘ جیسے ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ خاص طور پر ’دو کنارے‘ میں ان کے منفی کردار ’درشہوار‘ کو ناظرین نے بے حد سراہا تھا۔اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ وہ مسلم لیگ (ن) سے وابستہ ایک ایم پی اے کی جانب سے مسلسل آن لائن ہراسانی، ذہنی اذیت اور دھمکیوں کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے متعدد بار این سی سی آئی اے، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کو شکایات درج کروائیں، لیکن سیاسی اثر و رسوخ کی وجہ سے معاملے پر مناسب کارروائی نہیں کی گئی۔مومنہ اقبال نے مزید دعویٰ کیا کہ انصاف فراہم کرنے کے بجائے ان کی شکایات دبانے کی کوشش کی گئی، جبکہ بعض بااثر حلقوں کی جانب سے بھی معاملہ خاموش کرنے کا دباؤ ڈالا گیا۔