لاہور،ڈاکٹر وں نے مقناطیس نگلنے والے بچے کی جان بچا لی

جنرل ہسپتال کی ایمرجنسی میں بچے کو ہنگامی بنیادوں پر فوری طبی امداد فراہم کی گئی
 آپریشن میں پروفیسر حسن ملک اور ڈاکٹر حوریہ شامل ، پرنسپل ڈاکٹر فاروق نے اقدامات کو سراہا 
لاہور(آئی ا ین پی )  لاہور کے  جنرل  ہسپتال کے ڈاکٹرز نے مقناطیس کا ٹکڑا نگلنے والے بچے کی جان بچا لی۔رپورٹ   کے مطابق لاہور کے جنرل اسپتال میں ایک بچے کو لایا گیا، جس نے مقناطیس کا ٹکڑا نگل لیا تھا، جو خوراک کی نالی کے ذریعہ معدے میں چلا گیا تھا۔بچے کے والد اس کو جیسے ہی لاہور جنرل اسپتال کی ایمرجنسی میں لائے تو بچے کو ہنگامی بنیادوں پر فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ڈاکٹرز نے بروقت انڈواسکوپی کر کے مقناطیس کے ٹکڑے کا پتہ لگایا اور پھر کامیابی کے ساتھ اس مقناطیس کو بچے کے معدے سے نکال لیا۔اس آپریشن میں پروفیسر حسن سلیمان ملک اور ڈاکٹر حوریہ رحمان شامل تھے، جنہوں نے انتھک محنت اور جانفشانی سے فرائض انجام دیتے ہوئے بچے کی جان بچائی۔اسپتال کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے ڈاکٹرز کی پیشہ ورانہ مہارت اور فوری اقدامات کو سراہا ہے۔