لڑکے نے 80 سے 100 نیوڈیمیم مقناطیس تقریبا ایک ہفتہ قبل نگل لیے تھے
چار دن تک پیٹ میں شدید درد ، ٹورانگاہسپتال داخل،لڑکے کی آنتیں گل رہی تھیں
آکلینڈ (آئی این پی )نیوزی لینڈ میں ڈاکٹروں نے ایک 13 سالہ لڑکے کے معدے اور آنتوں سے تقریبا 100 طاقتور مقناطیس نکال لئے ۔یہ مقناطیس آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم ٹی مو سے خریدے گئے تھے، جن کی فروخت نیوزی لینڈ میں 2013 سے ممنوع ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق لڑکے نے 52 ملی میٹر سائز کے 80 سے 100 نیوڈیمیم مقناطیس تقریبا ایک ہفتہ قبل نگل لیے تھے۔ چار دن تک پیٹ میں شدید درد کے بعد اسے ٹورانگا اسپتال میں داخل کیا گیا۔لڑکے کی آنتیں گل رہی تھیں۔اسپتال رپورٹ کے مطابق ایکس رے میں ظاہر ہوا کہ مقناطیس آپس میں جڑ کر چار سیدھی قطاروں کی صورت پیٹ میں موجود تھے اور آنتوں کے مختلف حصوں کو ایک دوسرے سے چپکا رہے تھے۔ڈاکٹروں نے بتایا کہ مسلسل دبائو کے باعث آنتوں کے چار حصوں میں ٹشو گلنے کا عمل شروع ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے فوری سرجری کرنا ضروری ہو گیا۔سرجری کے دوران ماہرین نے متاثرہ آنتوں کے حصے کاٹ کر نکالے اور تمام مقناطیس باہر نکال دیے۔ لڑکے نے 8 دن اسپتال میں گزارے۔میڈیکل ٹیم کے ارکان بینورا لیکمالاجے، لوسنڈا ڈنکن ویئر اور نکولا ڈیوس نے نیوزی لینڈ میڈیکل جرنل میں شائع اپنی رپورٹ میں لکھا کہ یہ واقعہ نہ صرف مقناطیس نگلنے کے خطرات کو واضح کرتا ہے بلکہ آن لائن خریداری کے پلیٹ فارمز سے جڑے خطرات کو بھی اجاگر کرتا ہے