اسلام آباد (آئی این پی )ای سی سی نے ملک کی پہلی پانچ سالہ جم سٹون پالیسی کی منظوری دے دی۔وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ای سی سی نے ملک کی پہلی پانچ سالہ جم سٹون پالیسی اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی تنظیم نو کی بھی منظوری دے دی۔اِسی طرح وزیر اعظم کے نوجوانوں کے سکلز ڈیویلپمنٹ پروگرام کیلئے 3 ارب 91 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ، وزیر اعظم آفس کیلئے 16 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری نارتھ کے ہسپتال کیلئے 48 کروڑ روپے، وزیر اعظم کے قومی صحت پروگرام کیلئے ایک ارب 50 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی۔دوسری جانب یکم فروری سے 1989 کے جموں کشمیر مہاجرین کیلئے گزارہ الائونس ساڑھے تین ہزار سے بڑھا کر 6 ہزار روپے ماہانہ کرنے کی اور ای سی سی نے 30 جون تک گزارہ الائونس کیلئے 58 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری دی۔