پنجاب سول ڈیفنس کو جدید اینٹی ڈرون گن فراہم کر دی گئی

لاہور (آئی این پی) پنجاب سول ڈیفنس کو جدید اینٹی ڈرون گن فراہم کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق اینٹی ڈرون گن EMG-150 دشمن کے کسی بھی ڈرون کو باآسانی فضا میں ناکارہ بنا سکتی ہے۔اینٹی ڈرون گن 2 سے 3 کلومیٹر کی رینج میں دشمن کے ڈرون کو جام کر کے گرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب بھر میں سول ڈیفنس کو اینٹی ڈرون گنز فراہم کریگا۔سول ڈیفنس کے بم ڈسپوزل اینڈ اینٹی ڈرون اسکواڈ کی NRTC سے تربیت کروائی جا رہی ہے۔پہلی اینٹی ڈرون گن پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر راولپنڈی ڈویژن کے حوالے کی گئی ہے۔ صرف 6 کلو وزن کی اینٹی ڈرون گن دور فاصلے تک ٹھیک نشانہ لینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔گن میں آٹھ فریکوینسیز موجود ہیں جو دنیا کے کسی بھی ڈرون کو گرانے کیلئے کافی ہیں۔ گن ہائی گین ڈائریکشنل اینٹینا کے ذریعے درست نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔گن کی مدد سے دشمن ڈرون کے کنٹرول سگنل میں مداخلت کر کے اسے فوری لینڈ یا ناکارہ بنایا جا سکتا ہے۔ جدید سسٹم کے ذریعے ڈرون کو راستہ تبدیل کرنے یا زمین پر گرانے کی سہولت موجود ہے۔اینٹی ڈرون گن GPS، Galileo، GLONASS اور BeiDou سگنلز جام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔