اگر عمران خان اور ہم دہشت گرد ہیں تو پھر بات ختم ہوگئی : فواد چودھری۔۔

 قومی سلامتی کمیٹی اجلاس سے پوری دنیا میں بہت غلط تاثر پیدا ہوا ، میڈیا سے گفتگو 
 لاہور(خصوصی رپورٹ)سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی اور ہم دہشت گرد ہیں تو پھر بات ختم ہوگئی ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ اس وقت انسداد دہشت گردی عدالتوں میں سب سے زیادہ پی ٹی آئی کے کیسز چل رہے ہیں ۔ اگر بانی پی ٹی آئی اور ہم دہشتگرد ہیں پھر تو بات ختم ہو گئی ہے ۔ اگر 70فیصد ووٹ لینے والی جماعت دہشتگرد ہے تو مطلب پاکستان دہشتگرد ہے ۔فواد چودھری نے کہا کہ ہماری لیڈر شپ میں وہ چیز نہیں آئی کہ وہ لوگوں کو اکٹھا کر سکے ۔ کل بانی پی ٹی آئی کو نہیں بلایا گیا، محمود خان اچکزئی نہیں آئے، بلوچستان کی اصل قیادت نہیں آئی ۔ جنرل راحیل شریف کا کریڈٹ ہے کہ انہوں نے اے پی ایس سانحے کے بعد پورے پاکستان کو اکٹھا کر لیا تھا ۔ اگر بانی پی ٹی آئی علیحدگی پسندوں کے ساتھ ہیں تو آپ کس کے بیانیے کو پروان چڑھا رہے ہیں ؟۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز  کے اجلاس سے پوری دنیا میں بہت غلط تاثر پیدا ہوا ۔ آصف زرداری، نواز شریف، مولانا فضل الرحمان اسٹبلیشمنٹ کے ساتھ بیٹھیں ۔ بہتر یہی ہے کہ ایک قومی حکومت تشکیل دی جائے۔