2ماہ میں سگ گزیدگی کے 35ہزار سے زائد کیس رپورٹ

 مارچ کے پہلے دو ہفتوں کے دوران 10 ہزار سے زائد افراد سگ گزیدگی کا شکار ہوئے 
 لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب بھر میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا، صوبے میں دو ماہ کے دوران سگ گزیدگی کے 35 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ایک موت بھی واقع ہوئی ہے ۔ محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں فروری میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے 25 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مارچ کے پہلے دو ہفتوں کے دوران 10 ہزار سے زائد افراد سگ گزیدگی کا شکار ہوئے۔رواں ماہ لاہور اور فیصل آباد سے ہی 500،500 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، آوارہ کتوں کے کاٹنے کے سب سے ذیادہ کیسز رحیم یار خان ، لاہور، فیصل آباد اور قصور سے رپورٹ ہو رہے ہیں۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق رواں ماہ کتے کے کاٹنے سے وہاڑی میں ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے۔