کوہلی، روہت، بمراہ کیلئے بُری خبر؛ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنی پالیسی پر قائم رہنے کا فیصلہ کیا

کوہلی، روہت، بمراہ کیلئے بُری خبر؛ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنی پالیسی پر قائم رہنے کا فیصلہ کیا

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنی پالیسی میں تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے مطابق کھلاڑیوں کے اہلخانہ اور گرل فرینڈز کو بیرون ملک کرکٹ دوروں پر کھلاڑیوں کے ساتھ سفر کی اجازت نہیں ہے۔

یہ پالیسی گزشتہ سال بورڈر-گاواسکر ٹرافی میں بھارت کی بدترین شکست کے بعد متعارف کرائی گئی تھی۔ اس پالیسی کے تحت کھلاڑیوں کو 45 دن یا اس سے زیادہ عرصے تک بیرون ملک رہنے کی صورت میں اپنے اہلخانہ یا ساتھیوں کو صرف 14 دن ساتھ رکھنے کی اجازت ہے۔اس پالیسی پر بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے ناراضگی کا اظہار کیا گیا ہے، خصوصاً اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی نے اس پر تنقید کی ہے۔ کوہلی نے کہا کہ اگر کسی کھلاڑی سے پوچھا جائے کہ کیا وہ چاہتا ہے کہ اس کا خاندان ہمیشہ اس کے ساتھ ہو، تو وہ جواب دے گا، "ہاں۔" انہوں نے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کا وقت اکیلے گزارا جائے اور وہ اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔

افواہیں یہ بھی گردش کر رہی تھیں کہ بھارتی بورڈ اس پالیسی میں تبدیلی کر سکتا ہے، تاہم بی سی سی آئی کے سکریٹری دیواجیت سائکیا نے ان افواہوں کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ اس بات کو سمجھتا ہے کہ بعض کھلاڑیوں میں اس پالیسی کے بارے میں ناراضگی ہو سکتی ہے، لیکن یہ پالیسی تمام ٹیم ممبران پر یکساں طور پر لاگو ہوتی ہے، چاہے وہ کھلاڑی ہوں یا دیگر ٹیم کے ارکان جیسے کوچز، مینیجرز، یا سپورٹ اسٹاف۔بی سی سی آئی کا موقف ہے کہ یہ پالیسی کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائی گئی تھی تاکہ کھلاڑیوں پر زیادہ ذاتی ذمہ داریاں نہ آئیں اور وہ اپنے کرکٹ کیریئر پر بھرپور توجہ مرکوز کر سکیں۔