کوئی کیس فکس کرنے،نقل کے حصول یا کسی بھی کام کیلئے رشوت طلب کرے تو فوری اطلاع دے سکتے ہیں:سپریم کورٹ
اینٹی کرپشن ہاٹ لائن رشوت،جانبداری یا کسی قسم کی بدعنوانی کی اطلاع دینے کیلئے ایک محفوظ اور خفیہ پلیٹ فارم ہے:اعلامیہ
اسلام آباد(آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستان نے خصوصی اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کردی۔سپریم کورٹ میں دائر کیا گیا مقدمہ کا فیصلہ بہت جلد میرٹ پر ہوگا، کوئی سرکاری یا غیر سرکاری شخص کیس فکس کرنے،نقل کے حصول یا کسی بھی کام کیلئے رشوت طلب کرے تو فورا اطلاع دے سکتے ہیں ۔ایسے لوگوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی ۔سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کرنے کا مقصد عدلیہ کے احتساب اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے حائل رکاو…یں دور کرنے کے عزم کی توثیق ہے۔چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی بدعنوانی سے پاک ماحول کو فروغ دینے اور انصاف کے اصولوں کی پاسداری کیلئے پر عزم ہیں۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ گذشتہ تقریبا پانچ ماہ میں 7633نئے مقدمات دائر ہوئے،11779مقدمات پر فیصلے ہوئے، نئے ججوں کی سپریم کورٹ میں تعیناتی سے مقدمات کے فیصلوں میں مزید تیزی آئے گی۔اس میں کہا گیا کہ بطور چیف جسٹس پاکستان یقین دلاتا ہوں سپریم کورٹ میں دائر کیا گیا مقدمہ کا فیصلہ بہت جلد میرٹ پر ہوگا، کوئی سرکاری یا غیر سرکاری شخص کیس فکس کرنے،نقل کے حصول یا کسی بھی کام کیلئے رشوت طلب کرے تو فورا اطلاع دیں۔اعلامیہ کے مطابق میں چیف جسٹس پاکستان رشوت اور سفارش کے متعلق عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہوں، چیف جسٹس پاکستان آپکو یقین دلاتا ہوں رشوت طلب کرنے والے کی اطلاع دینے والے کا نام خفیہ رکھا جائے گا، رشوت کی شکایت کی فورا شنوائی ہوگی۔اس میں کہا گیا کہ وٹس ایپ نمبر 03264442444پر رشوت مانگے جانے کی شکایت درج کرائیں، سپریم کورٹ کی اینٹی کرپشن کا اہلکار آپکے ساتھ رابطے میں رہیگا اور آپکو گاہے بہ گاہے شکایت کے متعلق معلومات فراہم کریگا‘اعلامیے میں کہا گیا کہ اینٹی کرپشن ہاٹ لائن 24گھنٹے مکمل فعال رہے گی تاکہ شہری کسی بھی وقت واقعات رپورٹ کر سکیں، ہاٹ لائن کے متعدد زرائع یعنی فون،آن لائن پورٹل،ای میل اور ٹیکسٹ میسجر شامل ہیں،ہاٹ لائن اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہوگی۔