بجلی صارفین سے18ارب86کروڑ روپے ٹی وی فیس وصول

 فیس 2سال کے دوران وصول کی گئی‘یونان کشتی حادثہ میں293پاکستان جاں بحق ہوئے:عطاء تارڑ

 اسلام آباد (آئی این پی )بجلی صارفین سے دو سال کے دوران ٹیلی ویژن فیس کی مد میں اربوں روپے وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔یہ انکشاف قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر اطلاعات عطا تارڑ  کی جانب سے   ٹی وی فیس سے متعلق تحریری جواب   میں کیا گیا ۔ انہوں نے اپنے جواب میں کہا کہ دو سالوں میں بجلی صارفین سے 18 ارب 86 کروڑ روپے سے زائد وصول کیے گئے۔وزیر اطلاعات نے اپنے جواب میں بتایا کہ پیپکو نے ٹی وی فیس کی مد میں دو سالوں میں بجلی بلوں کے ذریعے 16 ارب 64 کروڑ روپے سے زائد وصول کیے۔کے الیکٹرک نے دو سالوں کے دوران بجلی صارفین سے ٹی وی فیس کی مد میں 2 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد وصول کیے۔      دریں اثنا، قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی مختلف کشتی حادثوں میں جاں بحق افراد سے متعلق انکشاف کیا، انھوں نے بتایا کہ 2023 میں یونان کشتی حادثے میں 300 پاکستانیوں میں سے 262 افراد جاں بحق ہوئے۔وزیر داخلہ کے مطابق 2024 میں یونان کشتی حادثہ میں 5 پاکستانی جاں بحق ہوئے، جب کہ مراکش کشتی حادثے میں 10 پاکستانی اور لیبیا کشتی حادثہ میں 16 پاکستانی جاں بحق ہوئے۔