تحصیل درگئی کے علاقے ہریانکوٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی پر حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق جبکہ ان کا شوہر زخمی ہو گیا۔
ریسکیو 1122 ملاکنڈ کے ترجمان کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہریانکوٹ میں موٹرسائیکل پر سوار میاں بیوی جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔ حملے کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچی اور زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔بعد ازاں ریسکیو اہلکاروں نے لاش اور زخمی کو ٹی ایچ کیو اسپتال درگئی منتقل کیا، جہاں زخمی شخص کی شناخت امیر نواب (عمر تقریباً 40 سال) جبکہ جاں بحق خاتون کی شناخت ارشادہ (عمر تقریباً 35 سال) کے طور پر ہوئی ہے، جو ہریانکوٹ کے رہائشی بتائے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ ابتدائی طور پر حملہ آوروں کی شناخت یا محرکات سامنے نہیں آ سکے۔ تاہم مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کی نوعیت اور ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے۔یہ واقعہ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر گیا ہے، جبکہ مقامی افراد نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔