بنوں میں ایک زور دار دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ واقعہ ضلع بنوں کی تحصیل ڈومیل کے علاقے پینگ میں پیش آیا، جہاں ایک مسافر گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔پولیس کے مطابق، یہ دھماکا آئی ای ڈی کا تھا، جس نے مسافر ڈاٹسن گاڑی کو نشانہ بنایا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، یہ گاڑی ہاتھی خیل گاؤں سے مسافروں کو لے جا رہی تھی۔دھماکے میں تحصیلدار سب ڈویژن وزیر عابد اللہ کی گاڑی بھی متاثر ہوئی، تاہم وہ خود محفوظ رہے۔بنوں اسپتال کے انتظامیہ کے مطابق، زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے خلیفہ گلنواز اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔علاقہ سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا ہے اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔