ویٹ لفٹنگ ٹیم منیجر عقیل بٹ محکمہ پولیس سے ریٹائر، تقریب کا انعقاد

 لاہور(کرائم رپورٹر)پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ کے ویٹ لفٹنگ ٹیم منیجر عقیل بٹ کی محکمہ پولیس سے ریٹائرمنٹ کے موقع پر ان کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں عقیل بٹ کے اہل خانہ، سینئر پولیس افسران، ایتھلیٹ کھلاڑیوں اور سپورٹس سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے دوران چیف سپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل امجد نے عقیل بٹ کو محکمہ پولیس اور ویٹ لفٹنگ کے شعبے میں گرانقدر خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ اور گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر سینئر افسران نے عقیل بٹ کو کامیاب مدتِ ملازمت مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور ان کی آئندہ زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ڈی آئی جی اطہر اسماعیل امجد نے اپنے خطاب میں کہا کہ عقیل بٹ نے ویٹ لفٹنگ اور سپورٹس کے فروغ کے لیے قابلِ قدر خدمات سرانجام دیں۔ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، لگن، محنت اور کاوشوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ویٹ لفٹنگ کے شعبے میں عقیل بٹ کی گرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گااس موقع پر عقیل بٹ نے دورانِ سروس بھرپور راہنمائی اور تعاون پر سینئر افسران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ریٹائرمنٹ کے موقع پر عزت افزائی اور نیک تمناؤں کے اظہار پر محکمہ پولیس اور شرکاء کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیاتقریب کے اختتام پر شرکاء نے عقیل بٹ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی صحت، خوشحالی اور کامیاب مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔