یوکرین جنگ کے بعد روس کو عالمی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کی میزبانی مل گئی

2030 میں ہونیوالی چمپئن شپ روس کو 2032 کے برسبین اولمپکس میں شرکت کیلئے کوالیفائی کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گی،رپورٹ
ماسکو(سپورٹس ڈیسک )عالمی ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے ماسکو کو 2030 کی عالمی ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ کی میزبانی دے دی۔فروری 2022 میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اولمپک کھیلوں کی کسی عالمی تنظیم نے روس کو عالمی چیمپئن شپ کی میزبانی سونپی ہے۔ عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق 2029 کی عالمی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ بھارت کے شہر احمد آباد میں منعقد ہو گی۔ماسکو میں عالمی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ آخری بار 1983 میں منعقد ہوئی تھی، 2030 میں ہونے والی یہ چیمپئن شپ روس کو 2032 کے برسبین اولمپکس میں شرکت کے لیے کوالیفائی کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گی۔روسی ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کئی سال بعد اعلی سطح کے عالمی مقابلوں کی میزبانی کرے گا۔فیڈریشن کے صدر الیگزینڈر وینوکوروف نے عالمی تنظیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو کے پاس بڑے مقابلے کروانے کا تجربہ اور جدید سہولتیں موجود ہیں۔اس سے قبل 2025 کی عالمی آبی کھیلوں کی چیمپئن شپ روس کے شہر قازان میں منعقد ہونے کے بجائے سنگاپور منتقل کر دی گئی تھی۔