لاہور (کرائم رپورٹر) سیکنڈ ایشین اینڈ ورلڈ ماسٹر گرینڈ پرکس ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2026ء میں لاہور پولیس کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین گولڈ اور ایک برونز میڈل جیت لیا۔ میڈلز جیتنے والی لاہور پولیس کی ٹیم کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز پہنچی، جہاں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر ڈی آئی جی عمران کشور نے فاتح کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں مبارک باد دی۔ چیمپئن شپ میں لاہور پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل مجید، کانسٹیبل رضوان اور کانسٹیبل منظور نے گولڈ میڈلز حاصل کیے، جبکہ ہیڈ کانسٹیبل بلال نے برونز میڈل اپنے نام کیا۔ مقابلوں میں پاک فوج، واپڈا، پاکستان نیوی، پاک فضائیہ اور چاروں صوبوں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس کے جوانوں کی عالمی سطح پر کامیابی پوری فورس کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور نے کہا کہ کھیلوں میں نمایاں کارکردگی فورس کا حوصلہ بلند کرتی ہے اور لاہور پولیس اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔