4گھنٹے آپریشن کے بعد کنٹینر کو نکالا گیا، ڈرائیور کیخلاف کارروائی کا حکم
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈرائیور کی مبینہ غفلت کے باعث رات گئے ایک کنٹینر سیفٹی بیرئیرز توڑتے ہوئے کیمپس انڈر پاس کے نیچے پھنس گیا۔ واقعے کے بعد ڈرائیور کنٹینر چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق کنٹینر کو نکالنے کے لیے چار گھنٹوں تک مسلسل آپریشن جاری رکھا گیا، جس کے بعد گاڑی کو بحفاظت انڈر پاس سے نکال لیا گیاواقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی ٹی او لاہور، سید عبدالرحیم شیرازی نے غفلت کے مرتکب ڈرائیور کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کردیا۔ انہوں نے کہا کہ سیفٹی بیرئیرز کو نقصان پہنچانے اور سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ترجمان ٹریفک پولیس لاہور کے مطابق کنٹینر کو تحویل میں لے کر متعلقہ تھانے منتقل کردیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔