چڑیا گھر کی پرسکون فضا چیخ و پکار اور ایمبولینسوں کے سائرن کی آوازوں سے گونج اٹھی
پولیس کا حادثہ تسلیم کرنے سے انکار، 30 سالہ شخص کو اقدامِ قتل کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا
لندن(آئی این پی )برطانیہ کے دیہی علاقے ہنٹنگڈن کے قریب واقع چڑیا گھر جانسنز آف اولڈ ہرسٹ میں ایک تین سالہ معصوم بچہ مگرمچھوں کے اینکلوزر میں جاگرا، جس کے بعد صورتحال انتہائی سنگین ہو گئی۔بی بی سی کے مطابق پولیس نے اس ہولناک واقعے کو محض ایک حادثہ تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے ایک 30 سالہ شخص کو اقدامِ قتل کے شبے میں گرفتار کر لیا ، جس کا بچے یا اس کے خاندان سے کوئی سابقہ تعلق نہیں تھا۔مقامی وقت کے مطابق دوپہر کے ڈیڑھ بجے چڑیا گھر کی پرسکون فضا اچانک چیخ و پکار اور ایمبولینسوں کے سائرن کی آوازوں سے گونج اٹھی۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ منظر انتہائی پریشان کن تھا۔مقامی رہائشیوں کے مطابق مگرمچھوں کو ایک بڑے ہال میں بنے تالابوں میں رکھا گیا ہے، جہاں تماشائی تقریبا 4 فٹ اونچی باڑ کے پیچھے کھڑے ہو کر بلندی سے نیچے موجود مگرمچھوں کو دیکھتے ہیں۔ ایسے محفوظ ماحول میں ایک معصوم بچے کا مگرمچھوں کے بالکل قریب پہنچ جانا کئی سنگین سوالات کو جنم دے رہا ہے۔پولیس اس بات کی بھی گہرائی سے تفتیش کر رہی ہے کہ آیا بچے پر مگرمچھوں نے حملہ کیا یا اسے وہاں پھینکا گیا۔