پنجاب میں یکم سے10محرم تک سکیورٹی کے لیے سخت پابندیاں عائد
لاہور(کرائم رپورٹر) حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق یکم سے 10 محرم الحرام تک مختلف پابندیاں نافذ رہیں گی جبکہ ڈبل سواری پر پابندی صرف 9 اور 10 محرم کو ہوگی، حکومت نے مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر اسلحہ، ہتھیاروں اور آتش گیر مواد کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، اسی طرح مذہبی جذبات مجروح کرنے والے اشتعال انگیز نعروں، فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت پھیلانے والے بیانات اور تبصروں پر بھی سخت پابندی ہوگی، سوشل میڈیا سمیت تمام ذرائع پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جلوسوں کے راستوں پر عمارتوں کی چھتوں پر مورچے بنانے یا اشیاء جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ چھتوں اور دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی بھی ممنوع قرار دی گئی ہے، ڈبل سواری سے بزرگ شہری، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار مستثنیٰ ہوں گے، محکمہ داخلہ کے مطابق یہ پابندیاں سیکشن 144(6) ضابطہ فوجداری 1898 کے تحت سیکرٹری داخلہ پنجاب نے عائد کی ہیں۔