کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن لانڈھی رزاق آباد کے قریب نیشنل ہائی وے پر افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتاری اور آگے نکلنے کی دوڑ کے باعث واٹر ٹینکر اور مسافر بس آپس میں ٹکرا گئیں۔
حادثے میں بس میں سوار ایک ہی خاندان کے 15 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ایدھی ترجمان کے مطابق واٹر ٹینکر کا ڈرائیور بار بار ہارن بجا کر بس کو عقب سے دھکیلنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسی دوران بس بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں بس میں سوار خواتین، بچے اور مرد شدید زخمی ہو گئے۔ متعدد افراد کے سر لوہے کی سیٹوں سے ٹکرا کر پھٹ گئے۔ایدھی کے رضا کار ساجد پٹھان اور عابد رشید کے مطابق زخمی افراد اورنگی ٹاؤن کے رہائشی تھے اور پکنک منانے کے لیے کلری جھیل جا رہے تھے۔ ابتدائی طور پر کئی زخمی افراد اسپتال جانے سے انکاری تھے، تاہم پولیس اور ایدھی رضاکاروں کے اصرار پر چند افراد مرہم پٹی کے لیے اسپتال لائے گئے۔
اسپتال لائے جانے والے زخمیوں میں 48 سالہ مختار احمد، 25 سالہ مہتشم حسین، 18 سالہ نوید حسین، 20 سالہ عظیم شاکر، 20 سالہ نقاش، 26 سالہ گلشن، 30 سالہ فرحان، ان کی بہن 20 سالہ سحر، بھائی 17 سالہ ارمان اور والد 58 سالہ قادر حسین شامل ہیں۔زخمی ہونے والی کئی خواتین نے اسپتال آنے سے انکار کرتے ہوئے صرف اپنے گھروں جانے کی ضد کی۔ پولیس کے مطابق حادثے کے بعد واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔