فیفا ورلڈکپ 2026 میں اسپین کی تاریخی فتح کے بعد نوجوان فٹبال اسٹار لامین یمال نہ صرف اپنی شاندار کارکردگی بلکہ چھوٹے بھائی کے ساتھ جشن منانے کی ویڈیوز کے باعث بھی سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
فتح کے جشن کے دوران سوشل میڈیا پر لامین یمال کے والد سے متعلق ایک دلچسپ دعویٰ بھی وائرل ہوا، جس میں کہا گیا کہ ان کے والد 1992 میں پیدا ہوئے تھے اور اس حساب سے ان کی عمر تقریباً 34 سال بنتی ہے۔یہ دعویٰ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین حیرت کا اظہار کر رہے ہیں اور اس حوالے سے مختلف تبصرے اور میمز بھی شیئر کیے جا رہے ہیں۔ کئی مداحوں کا کہنا ہے کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ لامین یمال اور ان کے والد کے درمیان عمر کا فرق اتنا کم ہو سکتا ہے۔دوسری جانب متعدد صارفین نے وائرل دعووں کی تصدیق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات کو مستند ذرائع سے جانچنا ضروری ہے۔
ادھر لامین یمال کے والد ورلڈکپ فائنل کے دوران اسٹیڈیم میں موجود نہیں تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے اپنے والد (لامین یمال کے دادا) کے انتقال کے باعث گھر پر رہنے کا فیصلہ کیا اور اسی وجہ سے وہ اپنے بیٹے کی تاریخی کامیابی اسٹیڈیم میں جا کر نہیں دیکھ سکے۔واضح رہے کہ لامین یمال نے اپنے پہلے ہی فیفا ورلڈکپ میں اسپین کو عالمی چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے بعد وہ دنیا بھر میں فٹبال شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔