یوکرین پر روسی میزائل اور ڈرون حملے، 8 افراد ہلاک

یوکرین پر روسی میزائل اور ڈرون حملے، 8 افراد ہلاک

یوکرین: روس نے یوکرین کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جن کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی حملوں کا نشانہ کیف، کھارکیو، زاپوریزہیا اور سومی سمیت کئی علاقے بنے۔ حملوں میں رہائشی علاقوں اور اہم تنصیبات کو نقصان پہنچا۔یوکرین کے شمال مشرقی شہر کھارکیو میں شہر کے مضافات میں واقع ایک پوسٹل ٹرمینل پر حملے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ دارالحکومت کیف میں ایک معمر خاتون جان کی بازی ہار گئیں۔ جنوبی علاقے زاپوریزہیا میں 2 اور سومی میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کیف پر ہونے والے حملے کو دارالحکومت پر کیے گئے بڑے بیلسٹک حملوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ روسی کارروائیوں سے شہری آبادی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔یوکرین کی فضائیہ کے مطابق روس نے حملوں میں 125 ڈرونز کے علاوہ اسکندر بیلسٹک میزائل اور ہائپر سونک زرکون میزائل سمیت مجموعی طور پر 41 میزائل استعمال کیے۔

یوکرینی حکام کا دعویٰ ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے 18 میزائلوں اور 108 ڈرونز کو تباہ یا ناکارہ بنا دیا، تاہم متعدد میزائل اور ڈرون اپنے اہداف تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔دوسری جانب بحیرہ اسود میں ایک شہری کارگو جہاز کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس میں عملے کے 5 ارکان کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔حالیہ حملوں کے بعد روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں مزید شدت آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ عالمی برادری کی جانب سے شہریوں کے تحفظ اور کشیدگی کم کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔