یوکرین پر روس کے میزائل اور ڈرون حملے، 32 افراد ہلاک، 100 کے قریب زخمی

یوکرین پر روس کے میزائل اور ڈرون حملے، 32 افراد ہلاک، 100 کے قریب زخمی

یوکرین میں روسی میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں کم از کم 32 افراد ہلاک اور تقریباً 100 زخمی ہو گئے۔

 یوکرینی حکام کے مطابق حملوں میں رہائشی عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی حملوں کو ملک پر ہونے والے ’’سب سے گھناؤنے حملوں‘‘ میں سے ایک قرار دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق سب سے زیادہ جانی نقصان شمالی علاقے چرنی ہیو کے شہر پریلکی میں ہوا، جہاں میزائل پانچ منزلہ رہائشی عمارت سے ٹکرا گیا۔ یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے میں پانچ بچوں سمیت 22 افراد ہلاک اور تقریباً 55 زخمی ہوئے۔یوکرینی حکام کے مطابق دارالحکومت کیف میں رہائشی عمارتوں پر حملوں کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوئے، جبکہ ایک مضافاتی علاقے میں ڈرون کا ملبہ گرنے سے مزید دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
صدر زیلنسکی نے کہا کہ روس نے حملوں کے دوران 70 میزائل داغے، جن میں متعدد بیلسٹک میزائل شامل تھے، جبکہ درجنوں ڈرونز بھی استعمال کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بیلسٹک میزائل یوکرین کے فضائی دفاع کے لیے بڑا چیلنج ہیں اور امریکہ سے مزید پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ اس کی افواج نے کیف اور دیگر علاقوں میں فوجی و صنعتی تنصیبات کو بڑے پیمانے پر حملوں میں نشانہ بنایا۔ روسی حکام کے مطابق ان اہداف میں یوکرین کی دفاعی کمپنی فائر پوائنٹ اور کروز میزائلوں و ڈرونز کی تیاری سے متعلق مقامات بھی شامل تھے۔