وزیراعظم شہباز شریف کی اسپین کو ورلڈ کپ فتح پر مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف کی اسپین کو ورلڈ کپ فتح پر مبارکباد

وزیر اعظم شہباز شریف نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اسپین کی شاندار کامیابی پر ہسپانوی ٹیم اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسپین کی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران غیر معمولی مہارت، اتحاد، نظم و ضبط اور بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا، جس کی بدولت وہ عالمی چیمپئن بننے کی حقدار ٹھہری۔وزیر اعظم نے اسپین کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور عوام کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی مسلسل محنت اور بہترین حکمت عملی نے اسے ورلڈ کپ ٹائٹل تک پہنچایا۔شہباز شریف نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو بھی فیفا ورلڈ کپ 2026 کی کامیاب میزبانی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہونے والا یہ عالمی ایونٹ بہترین انتظامات اور شاندار انعقاد کی مثال بنا۔وزیر اعظم نے میکسیکو اور کینیڈا کی حکومتوں اور عوام کو بھی ایونٹ کے کامیاب انعقاد میں تعاون اور بہترین انتظامات پر سراہا۔

اپنے پیغام میں شہباز شریف نے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے عالمی مقابلے نہ صرف کھیلوں کو فروغ دیتے ہیں بلکہ مختلف ممالک کے عوام کو قریب لانے اور عالمی سطح پر اتحاد و ہم آہنگی پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ فٹبال سمیت دیگر کھیل مستقبل میں بھی دوستی، امن، اتحاد اور عالمی تعاون کے فروغ کا ذریعہ بنتے رہیں گے۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے ارجنٹینا کو شکست دے کر عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا، جس کے بعد دنیا بھر سے اسپین کو مبارکباد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔