سلمان خان کی فلم ’سکندر‘ کا اسکرپٹ تبدیل کیا گیا: رشمیکا مندانا کا انکشاف

سلمان خان کی فلم ’سکندر‘ کا اسکرپٹ تبدیل کیا گیا: رشمیکا مندانا کا انکشاف

بھارتی اداکارہ رشمیکا مندانا نے اداکار سلمان خان کے ساتھ اپنی فلم ’سکندر‘ سے متعلق ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فلم کے اسکرپٹ میں شوٹنگ کے دوران نمایاں تبدیلیاں کی گئیں، جس کی وجہ سے کہانی کی سمت بھی بدل گئی۔

حال ہی میں ایک تیلگو صحافی کو دیے گئے انٹرویو میں رشمیکا مندانا نے بتایا کہ جب انہوں نے فلم ’سکندر‘ کے لیے رضامندی ظاہر کی تھی تو اس وقت فلم کی کہانی بالکل مختلف تھی۔ ان کے مطابق ابتدائی ملاقاتوں کے دوران ہدایتکار اے آر مرگداس نے جو اسکرپٹ سنایا تھا، وہ حتمی فلم سے خاصا مختلف نکلا۔رشمیکا مندانا کا کہنا تھا کہ"جب میں نے اسکرپٹ پہلی بار سنا تھا تو کہانی کچھ اور تھی، لیکن بعد میں حالات بدل گئے۔ فلم انڈسٹری میں اس طرح کی تبدیلیاں عام ہوتی ہیں، خاص طور پر بڑی کمرشل فلموں میں، جہاں اداکاری، ایڈیٹنگ اور ریلیز ٹائمنگ جیسے عوامل کہانی پر اثر انداز ہوتے ہیں۔"واضح رہے کہ فلم ’سکندر‘ میں رشمیکا مندانا نے سلمان خان کی اہلیہ کا کردار ادا کیا تھا، جسے فلم کے ابتدائی حصے میں ہی قتل کر دیا جاتا ہے۔

 اس واقعے کے بعد فلم کی پوری کہانی سلمان خان کے کردار کے بدلے کے گرد گھومتی ہے، جبکہ فلم میں ولن کا کردار معروف اداکار ستھیا راج نے نبھایا تھا۔اگرچہ فلم ’سکندر‘ سلمان خان کی عید پر ریلیز ہونے والی روایتی کمرشل فلم تھی، تاہم یہ باکس آفس پر شائقین کی توقعات پر پورا نہ اتر سکی۔ فلم نے بھارت میں تقریباً 110 کروڑ روپے جبکہ دنیا بھر میں مجموعی طور پر 184 کروڑ روپے کا بزنس کیا، جو تقریباً 200 کروڑ روپے کے بجٹ کے مقابلے میں کم تصور کیا جا رہا ہے۔اسی وجہ سے فلم ’سکندر‘ کو تجارتی طور پر ناکام قرار دیا گیا، جبکہ اسکرپٹ میں تبدیلیوں پر اب رشمیکا مندانا کا بیان فلم کی ناکامی پر ایک نئی بحث کو جنم دے رہا ہے۔