امریکی فضائیہ کے جنگی طیارے گرین لینڈ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، جس سے متعلق گرین لینڈ کی حکومت کو پیشگی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
امریکی اور کینیڈین دفاعی ادارے نوراڈ (NORAD) نے بیان میں کہا کہ طیارے جلد گرین لینڈ میں قائم امریکی فوجی اڈے پر پہنچیں گے۔بیان میں بتایا گیا کہ یہ تعیناتی ڈنمارک کی حکومت کے ساتھ مکمل ہم آہنگی میں کی گئی ہے اور امریکی فورسز کو تمام ضروری سفارتی اجازت نامے حاصل ہیں۔ اس کا مقصد خطے میں فضائی نگرانی اور دفاعی صلاحیت کو مضبوط کرنا ہے۔واضح رہے کہ گرین لینڈ ڈنمارک کا خودمختار علاقہ ہے اور امریکا اور ڈنمارک کے درمیان 1951 میں دفاع سے متعلق معاہدہ ہوا تھا۔ بعد ازاں 1958 میں امریکا اور کینیڈا نے نوراڈ معاہدے پر دستخط کیے تاکہ شمالی امریکا کو فضائی خطرات اور بیلسٹک میزائل لانچنگ سے بروقت آگاہ کیا جا سکے۔