راولپنڈی کے چاندنی چوک اسٹیشن میں ریسکیو 1122 کے 100 سے زائد اہلکاروں کے لاکرز توڑ کر ان کا قیمتی سامان جلایا گیا ہے۔
پنجاب حکومت نے ریسکیو اہلکاروں کے لیے فراہم کیے گئے یہ لاکرز ان کے ذاتی اور قیمتی سامان کے لیے مختص کیے گئے تھے۔متاثرہ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی اور افسران کے حکم پر تالے کاٹ کر سامان باہر پھینک دیا گیا۔ قیمتی کاغذات جلنے کے باعث اہلکار شدید پریشان ہیں اور انہوں نے ڈسٹرکٹ آفیسر صبغت اللہ پر اختیارات سے تجاوز کا الزام لگاتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ریسکیو 1122 کے ترجمان نے کہا کہ غیر ضروری سامان جلایا گیا اور ذاتی اشیاء محفوظ ہیں۔ تاہم، انہوں نے اعتراف کیا کہ راولپنڈی ڈسٹرکٹ آفیسر نے پیشگی اطلاع دی تھی، جو فورس تک نہیں پہنچ سکی۔