کراچی: سہراب گوٹھ کے علاقے کوئٹہ ٹاؤن میں گاڑیوں کے معمولی تصادم کا تنازع سنگین صورتحال اختیار کرگیا، جہاں ایک فریق کی گاڑی کو مبینہ طور پر آگ لگا دی گئی۔
ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق گاڑیوں کے ٹکرانے کے بعد دو قبائلی افراد، شکر خان اور حیات خان، کے درمیان تنازع شروع ہوا، جس کے حل کے لیے دونوں فریقین کی موجودگی میں جرگہ بھی منعقد کیا گیا۔جرگے کے فیصلے کے تحت شکر خان کی گاڑی حاجی حیات خان کے سامنے لائی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ گاڑی حاجی حیات خان کے بیٹے کو ٹکر لگنے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے پیش کی گئی تھی۔حاجی حیات خان کے مطابق گاڑی صرف لوگوں کے سامنے معائنے کے لیے منگوائی گئی تھی اور بعد ازاں اسے واپس کیا جانا تھا، تاہم الزام ہے کہ گاڑی واپس کرنے کے بجائے اسے آگ لگا دی گئی۔واقعے پر متاثرہ فریق نے شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے حوالے سے متاثرہ شخص کی جانب سے تاحال کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔