ڈولفن اسکواڈ نے شہر بھر میں فیک اور جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف خصوصی آپریشن کرتے ہوئے بڑی کارروائی کی ہے، جس کے دوران 10 سے زائد مشکوک گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا گیا۔
ترجمان ڈولفن اسکواڈ کے مطابق سیف سٹی کیمروں کی مدد سے مختلف علاقوں میں جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹیموں نے متعلقہ مقامات پر چھاپے مارے۔ آپریشن کے دوران جعلی نمبر پلیٹ استعمال کرنے والی تمام گاڑیوں کو راؤنڈ اپ کر کے قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا۔ایس پی ڈولفن اختر نواز کا کہنا ہے کہ جعلی نمبر پلیٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں پر صرف درست اور رجسٹرڈ نمبر پلیٹس ہی استعمال کریں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔ایس پی ڈولفن نے واضح کیا کہ جعلی نمبر پلیٹس کا استعمال سنگین جرم ہے اور اس پر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس حکام کے مطابق یہ اقدام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے، جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔