المیہ ہے اس شہر کے لوگ کبھی آگ میں جلتے ، کبھی گٹروں میں گرتے ‘کبھی ٹرالر کے نیچے آتے ہیں
جلد مافیاز کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی کال دیں گے:امیر جماعت اسلامی کی میڈیا سے گفتگو
کراچی(آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے خصوصی طور پر کراچی آمد کے موقع پر گل پلازہ میں آتشزدگی کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 23 گھنٹے سے زائد وقت گزر چکا ہے لیکن تاحال آگ بجائی نہیں جا سکی، جو انتہائی افسوسناک اور مجرمانہ غفلت کا ثبوت ہے۔ یہ کیسی المناک صورتحال ہے کہ اس شہر کے لوگ کبھی آگ میں جلتے ہیں، کبھی گٹروں میں بچے گرتے ہیں اور کبھی ٹرالروں کے نیچے آ کر جان دے دیتے ہیں، مگر اس شہر اور صوبے کا کوئی والی وارث نہیں۔سانحہ گل پلازہ کی ذمہ داری براہِ راست قابض میئر، صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے، اور پیپلز پارٹی ہر سطح پر اقتدار میں موجود ہے، پھر ذمہ دار کون ہے؟ 22 گھنٹے بعد آ کر ہاتھ ہلا کر چلے جانا اور پھر جھوٹ بول کر پریزینٹیشنز کے ذریعے عوام کو دھوکہ دینا اب نہیں چلے گا۔ یہ حکومت صرف انہی لوگوں کو دھوکہ دے سکتی ہے جنہوں نے اسے مسلط کیا ہے۔ہم اب خاموش تماشائی بن کر اپنے بچوں کو مزید مرتا ہوا نہیں دیکھ سکتے۔ دعا ہے کہ اللہ کوئی معجزہ کر دے اور اندر پھنسے لوگ محفوظ نکل آئیں۔ یہ معاوضے کا معاملہ نہیں، اصل سوال جان کا تحفظ اور حادثات سے روک تھام کا ہے۔ جماعت اسلامی جلد کراچی کے عوام کو مافیاز کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی کال دے گی