غزالہ عنبرین
ماں باپ کی آواز -دل کو زندگی دینے والی دعا ‘یہ بات سائنسی طور پر ثابت ہے ماں اور باپ کی آواز انسان کے دل و دماغ میں مثبت اثر ڈالتی ہے اسے توانائی اور سکون بخشتی ہے میں خود اس حقیقت کی گواہ ہوں آج جب میں نے اپنی والدہ سے بات کی تو دل ہلکا اور مطمئن ہوگیا۔یہی کیفیت اس وقت بھی ہوتی تھی جب میں سینکڑوں میل دور بیٹھ کر اپنے والد سے فون پر بات کیا کرتی تھی۔
مجھے یقین ہے کہ وہ آج بھی آسمانوں میں مسکرا رہے ہوں گے۔وہ اکثر کہا کرتے تھے کہ جب وہ اداس ہوتے ہیں تو اپنی بیٹی سے بات کرکے تازہ دم ہو جاتے ہیں۔ وہ مجھے فون پر طویل دعائیں دیا کرتے تھے جو ہمیشہ میرے دل کو بلند اور مضبوط کر دیتی تھیں۔
میرے والد نے کبھی کسی کے بارے میں برا نہیں سوچا۔انہوں نے پوری زندگی دوسروں کے لیے جینا سیکھا۔ان کی زندگی سادہ تھی وہ کود بھی سادہ تھے اور لوگوں کی خدمت ان کا شیوہ تھی انہوں نے اپنی اولاد کی خاطر اپنی خواہشات قربان کیں۔وہ سماجی خدمت میں پیش پیش رہتے تھے۔حتیٰ کہ گلی محلوں کے کام،نالیوں کی مرمت جیسے کاموں میں بھی اپنی جیب سے پیسے دیا کرتے تھے۔
انہوں نے ہمیں کبھی حرام کھانے نہیں دیا اور اس کا ثمر یہ نکلا کہ وہ اپنی اولاد کو زندگی میں باعزت اور اچھی جگہ پر دیکھ کر فخر محسوس کرتے تھے ان کا اپنی اہلیہ،میری والدہ،کے ساتھ رشتہ بے حد مضبوط اور مھبت بھرا تھا۔
2جولائی 2025کو جب وہ ہم سے رخصت ہوئے تو میری والدہ تنہا اور اداس رہ گئیں۔مگر میں دل سے چاہتی ہوں کہ انہیں یہ بتاؤں کہ میں نے اپنے والد کو مسکراتے ہوئے دیکھا ہے،وہ بہت اچھے حال میں ہیں دنیا میں بہت سے لوگوں نے انہیں بلاوجہ تکلیف دی ان کے ساتھ ناانصافی کی جس سے وہ دکھی بھی ہوئے مگر مجھے پورا یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں بلند درجات عطا فرمائے ہیں۔
میری دعا ہے کہ میری والدہ ہمیشہ خوش رہیں،ہم سب کے لیے دعا اور حوصلے کا ذریعہ بنی رہیں اور ہم کبھی بھی کسی لمحے بھی،انہیں کوئی دکھ نہ دیں۔ اللہ نے ہم سب کو ان کے سائے،ان کی دعاؤں اور ان کی محبت کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے،آمین۔