کراچی اسٹاک ایکسچینج میں پیر کو مثبت معاشی اشاریوں کے باعث تیزی دیکھی گئی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان 25 کروڑ ڈالر کے طبی تجارت کے معاہدے، غیر ملکی سرمایہ کاری میں 20 فیصد اضافے اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس جیسے عوامل شامل تھے۔
کاروبار کے آغاز میں تیزی دیکھنے کو ملی، جس سے انڈیکس 1 لاکھ 16 ہزار پوائنٹس تک پہنچا، مگر وقفے وقفے سے پرافٹ ٹیکنگ کے باعث مارکیٹ اتار چڑھاؤ کا شکار رہی۔ تاہم، نئے مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں کمی اور دیگر متوقع اقتصادی اقدامات کی وجہ سے خریداری کی سرگرمیاں جاری رہیں۔کے ایس ای 100 انڈیکس 572.73 پوائنٹس کے اضافے سے 115,844.87 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، جبکہ دیگر انڈیکسز میں بھی اضافہ ہوا۔ کاروباری حجم پچھلے جمعے کے مقابلے میں 23 فیصد زیادہ رہا اور 67 کروڑ 50 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔ اس دن 241 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا، 157 میں کمی آئی، جبکہ 56 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔