پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری، تیزی کے بعد مندی کا رجحان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری، تیزی کے بعد مندی کا رجحان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں گزشتہ روز سے جاری تاریخی اتار چڑھاؤ کی صورتحال آج بھی برقرار رہی۔

 کاروبار کے آغاز کے وقت زبردست تیزی دیکھی گئی، جس کے بعد مارکیٹ میں مندی کا رجحان دیکھنے کو ملا۔جمعہ کے روز کاروبار کا آغاز 849 پوائنٹس کی بڑی تیزی کے ساتھ ہوا، جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 1 لاکھ 4 ہزار 375 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ اس دوران مارکیٹ میں مزید تیزی کا رجحان رہا اور ایک موقع پر پی ایس ایکس کا انڈیکس 2,115 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 1 لاکھ 5 ہزار 642 پوائنٹس تک پہنچا۔تاہم، اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا اور مارکیٹ میں 536 پوائنٹس کی کمی آئی، جس سے انڈیکس 1 لاکھ 2 ہزار 990 پوائنٹس کی سطح تک گر گیا۔

 بعد ازاں، دوبارہ تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس 142 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 1 لاکھ 3 ہزار 669 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس 6,482 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1 لاکھ 3 ہزار 526 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ماہرین کے مطابق، اسٹاک مارکیٹ میں اس اتار چڑھاؤ کا سبب ملکی اور بین الاقوامی اقتصادی حالات، سیاسی صورتحال اور دیگر معاشی عوامل ہیں، جن کا اثر مارکیٹ پر پڑ رہا ہے۔