ملک کا وزیراعظم ہو کر ایک ادارے کا ٹرسٹی ہونا سنگین جرم : عظمیٰ بخاری

کک بیکس اور ہیرے کی انگوٹھیاں وصول کرنا کہاں کی پیری مریدی ہے؟، چوریاں اور کرپشن مذہب کی آڑ میں نہیں چھپائی جا سکتی 
 بانی کے چیلے اور چمچوں کو ابھی بھی اپنے آقا کی کرپشن نظر نہیں آرہی،وزیر اطلاعات پنجاب کا بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل
لاہور(آئی این پی)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ملک کا وزیراعظم ہو کر بھی ایک ادارے کا ٹرسٹی ہونا سنگین جرم ہے۔بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عدالت نے اپنے تفصیلی فیصلے میں بانی پی ٹی آئی کو بددیانت اور کرپٹ پریکٹس کا مرتکب قرار دیا، امریکا، یورپ اور بھارت کا میڈیا بانی پی ٹی آئی کو کرپٹ میاں بیوی کے القابات سے نواز رہا ہے، بانی کے چیلے اور چمچوں کو ابھی بھی اپنے آقا کی کرپشن نظر نہیں آرہی۔عظمیٰ بخاری نے کہاکہ خاتون اول ہو کر 28 کروڑ کے کیک بیکس اور پانچ قراط ہیرے کی انگوٹھیاں وصول کرنا کہاں کی پیری مریدی ہے؟، جو شخص سر سے پائوں تک کرپشن کے لبادے میں لپٹا ہوا وہ مذہب کارڈ کھیل رہا ہے۔اپنی چوریاں اور کرپشن مذہب کی آڑ میں نہیں چھپائی جا سکتی، قوم اڈیالہ جیل کے قیدی اور اس کی اہلیہ کے کرپشن کے قصوں کی حقیقت جان چکے ہیں، بنی گالہ کے درباری اور حواری ظل تباہی کی کرپشن پر پردے ڈال کر اپنی اپنی نوکریاں بچا رہے ہیں۔