بھارت کی جانب سے چھوڑے ریلوں نے صورتحال سنگین کر دی:عظمیٰ بخاری

  510 شاہراہوں کے سیکشنز، 64 پل اور 1021 کلومیٹر سڑکیں متاثر ہوئیں:وزیر اطلاعات پنجاب 
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے  صوبہ اس وقت غیرمعمولی قدرتی آفت کا سامنا کر رہا ہے جہاں بیک وقت دریائے راوی، چناب اور ستلج میں سیلاب آیا ہے۔ پریس بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ اس تباہ کن صورتحال میں 35 قیمتی جانوں کا ضیاع اور 2500 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے سیلابی ریلوں نے صورتحال مزید سنگین کر دی، مگر صوبائی اداروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ایک تاریخ ساز ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کیا۔ ان کے مطابق اب تک 8 لاکھ 57 ہزار افراد اور لاکھوں مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کئے گئے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متاثرہ اضلاع کا دورہ کیا اور فیلڈ ہسپتالوں، ریلیف کیمپوں اور کلینک آن وہیلز کو فعال رکھنے کی ہدایت دی۔ وزیرِ اطلاعات نے بتایا کہ سیلاب سے 510 شاہراہوں کے سیکشنز، 64 پل اور 1021 کلومیٹر سڑکیں متاثر ہوئیں، تاہم ہنگامی بنیادوں پر 50 سے زائد سڑکیں اور 44 پل بحال کئے جا چکے ہیں۔