بھارت:کالا جادو کرنے کا الزام، بزرگ خاتون پر بدترین تشدد، غلاظت پینے پر مجبور کیا گیا

نئی دہلی (آئی این پی)بھارت میں کالے جادو کے الزام پر بزرگ خاتون کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر غلاظت پینے پر مجبور کیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست مہارشٹرا کے گائوں ریتیہ کھیڑا میں پیش آیا جہاں پڑوسی نے 77 سالہ بزرگ خاتون کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کیا۔اس حوالے سے پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ بزرگ خاتون کے ساتھ یہ سلوک گذشتہ سال دسمبر میں کیا گیا، خاتون کا بیٹا اور بہو اپنی ملازمت کی وجہ سے گھر پر موجود نہیں تھے۔پولیس کے مطابق واقعے کا علم رواں ہفتے اس وقت ہوا جب بیٹے اور بہو کی جانب سے پولیس کو شکایت درج کروائی گئی۔شکایت کے مطابق بزرگ خاتون اپنے گھر میں اکیلی تھی کہ پڑوسی نے اسے پکڑا اور کالے جادو کا الزام لگایا، جس پر گائوں والوں نے مبینہ طور پر خاتون کو پہلے تھپڑ اور پھر لکڑی سے مارا۔اس کے علاوہ خاتون کے ہاتھوں اور ٹانگوں پر لوہے کی گرم سلاخیں لگا کر بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اسے انسانی غلاظت پینے اور کتے کا فضلہ کھانے پر مجبور کیا گیا جبکہ کے خاتون کے گلے میں چپلوں کا ہار پہنا کر اسے گائوں میں پریڈ بھی کروائی گئی۔