شنگھائی کی ترقی ہر شہر کیلئے قابل تقلید ،اسلام آباد بھی اسی طرز پر بنانا چاہتے ہیں محسن نقوی

 شنگھائی کی تیز رفتار ترقی سے استفادہ کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں گے:وزیرداخلہ‘ شنگھائی کے اربن پلاننگ ہیڈ کوارٹر کا دورہ
شنگھائی(آئی این پی ) وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے کہا ہے شنگھائی کی ترقی ہر شہر کیلئے قابل تقلید ہے، اسلام آباد کو بھی شنگھائی کی طرز پر ڈویلپ کرنا چاہتے ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے شنگھائی کے اربن پلاننگ ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، شنگھائی اربن پلاننگ کی ہیڈ میڈم چن نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا اور شنگھائی شہر کی ماسٹر پلاننگ ڈویلپمنٹ اور سہولتوں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر داخلہ محسن نقوی کو شنگھائی میں شہری سہولیات کے ساتھ ترقی کے تیز رفتار نظام کے بارے بریف کیا گیا، وڈیوز اور ماڈلز کے ذریعے شنگھائی کے ترقی کے سفراور ماسٹر پلان کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔محسن نقوی نے شنگھائی کے جدید سہولتوں سے آراستہ سٹیڈیم کا ماڈل بھی دیکھا اور شنگھائی اربن پلاننگ کے تحت تمام معلومات کو جدید طرز پر یکجا کرنے کے نظام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام کی تعریف کی۔انہوں نے شنگھائی اربن پلاننگ کے تحت شہر کے نظام کو مربوط اور فول پروف بنانے کے اقدام کو بھی سراہا۔