سیاسی جماعتوں میں ثالثی کیلئے کردارادا کرنے کو تیار ہوں: شاہد خاقان عباسی

 ملک کا نظام آئین کے مطابق ہونا چاہیے، سیاسی جماعتیں مسائل کے حل کیلئے پارلیمان میں بات کریں،سربراہ عوام پاکستان پارٹی
اسلام آباد(آئی این پی)سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مجھے سیاسی جماعتوں میں کوئی ثالثی کا کہے گا تو کردار ادا کروں گا۔ ایک انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کل محموداچکزئی دعوت دینے آئے تھے، انہوں نے تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شمولیت کی دعوت دی، میں نے کہا اپنی جماعت سے مشاورت کرنے کے بعد آپ کو آگاہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کا نظام آئین کے مطابق ہونا چاہیے، سیاسی جماعتیں مسائل کے حل کیلئے پارلیمان میں بات کریں، ملک میں آئین کی بالادستی ہونی چاہیے، پی ٹی آئی کی آرمی چیف سے ملاقات کا مجھے کوئی علم نہیں، میرے مطابق میٹنگ خیبرپختونخواکی سکیورٹی صورتحال پر تھی۔سربراہ عوام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ 8فروری کوتحریک انصاف کے یوم سیاہ میں شرکت کی دعوت نہیں ملی، احتجاج آئین کے دائرے میں رہ کر کرنا چاہیے، ملک کے لیے بیٹھنا پڑے گا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگرمجھے کوئی ثالثی کا کہے گا توکرداراداکروں گا، مہنگائی کی شرح کم نہیں ہوئی، ملک میں سرمایہ کاری نہیں آ رہی، ملک میں سرمایہ کاری نہ ہوناحکومت کی ناکامی ہے، نیب نے آج تک کسی کرپٹ آدمی کو نہیں پکڑا۔ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں ایک حکومت اوردوسری اپوزیشن ہوتی ہے، اپوزیشن کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، پی ٹی آئی کی ناکامی ہے اپوزیشن نہیں کرتی۔سربراہ عوام پاکستان پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کبھی سڑکوں پر کبھی عدالتوں میں گھوم رہی ہوتی ہے، پی ٹی آئی پارلیمان میں کیوں بات چیت نہیں کرتی؟۔