اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)پاکستان کی صفِ اول کی تیل و گیس تلاش و پیداوار کمپنی آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی)نے صوبہ سندھ کے ضلع ٹنڈو الہٰ یار میں واقع درس ویسٹ-3 کنویں سے گیس اور کنڈنسیٹ کی دریافت کا اعلان کیا۔ یہ نیا ڈویلپمنٹ کنواں لوئر گرو فارمیشن کے سی-سینڈز زون میں کامیابی سے ٹیسٹ کیا گیا۔ کنویں کی کل گہرائی 2100 میٹر تک کھودی گئی اور اس کی جانچ او جی ڈی سی ایل کی اپنی تکنیکی مہارت سے کی گئی۔ ٹیسٹنگ کے دوران درس ویسٹ-3 سے 64 36/انچ چوک سائز پر یومیہ 9اعشاریہ 70 ملین سٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس اور 580 بیرل یومیہ کنڈنسیٹ حاصل ہوا۔ لوئر گرو سی-سینڈ ریزروائر سے ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر 1725 پی ایس آئی ریکارڈ کیا گیا۔یہ حوصلہ افزا نتائج درس ویسٹ کے علاقے میں لوئر گرو فارمیشن کی ہائیڈروکاربن صلاحیت کی مزید تصدیق کرتے ہیں اور او جی ڈی سی کے وسائل کے ذخیرے کو مضبوط بناتے ہیں۔کنویں کو کے پی ڈی-ٹی اے وائی پروسیسنگ پلانٹ سے منسلک کرنے کیلئے پائپ لائن بچھانے کا کام جاری ہے۔ تکمیل کے بعد حاصل شدہ گیس کو پراسیس کر کے ایس ایس جی سی ایل کے نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا۔