فریقین کے دلائل کے بعد 10،10ہزار کے مچلکوں کے عوض ضمانت کا حکم
متنازع ٹویٹس کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں، معطلی درخواستوں پر نوٹس جاری
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)انسداددہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج پولیس کے ساتھ لڑائی جھگڑے اور احتجاج کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی کی ضمانت منظور کرلی۔ وکیل صفائی ریاست علی آزاد نے دلائل دیتے ہوئے کہا بے بنیاد مقدمہ بنایا گیا اور اچانک سامنے آگیا،میں خود اس مقدمہ میں ملزم ہوں مگر ہمیں پتا ہی نہیں تھا یہ ایف آئی آر ہے، عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر 10،10 ہزار روپے مالیتی مچلکوں پر ضمانت منظورکرنے کا حکم سنادیا۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محمد آصف نے متنازع ٹویٹس کیس میں سزا کے خلاف ایمان مزاری اور ہادی علی کی سزا کے خلاف اپیلوں، سزا معطلی کی درخواستوں پر این سی سی آئی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ درخواستگزاران کے وکیل فیصل صدیقی نے کہا ٹرانسفر کی درخواست زیر التوا تھی ٹرائل کورٹ نے فیصلہ دے دیا، دو گواہوں کا بیان ملزمان کی غیر موجودگی میں ریکارڈ ہوا، جب فیصلہ آ چکا تو ٹرائل جج نے اس میں سے ایک پیراگراف ہی نکال دیا، سزا دینی ہے دس دفعہ سزا دیں لیکن ٹرائل تو کریں۔ جسٹس محمد آصف نے کہا نوٹس کر رہے ہیں پیپر بکس آجائیں۔ عدالت نے مزید سماعت ملتوی کر دی۔