آزاد جموں و کشمیر میں عوامی معاہدے کے 37 مطالبات میں سے 17 پر مکمل عملدرآمد ہو چکا ، امیر مقام

 حکومت مذاکرات سے مسائل کے حل پر یقین رکھتی‘ فریقین سنجیدگی اور ذمہ داری سے مذاکرات کامیاب بنائیں ‘ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری 
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیرامورکشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں عوامی معاہدے کے 37 مطالبات میں سے 17 پر مکمل عملدرآمد ہو چکا ہے جبکہ باقی نکات پر پیش رفت تیزی سے جاری ہے۔ کابینہ کا حجم 20 وزراء تک محدود کر دیا گیا ہے، جو عوام کا ایک بڑا مطالبہ تھا۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ مختلف احتجاجی سرگرمیوں کے دوران معطل کیے گئے ملازمین کو بحال کر دیا گیا ہے۔ 3 ستمبر 2025 کے واقعات میں جاں بحق 8 افراد کے لواحقین کو 120 ملین روپے سے زائد کی ادائیگیاں اور سرکاری نوکریاں فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ مرحوم اظہر کے بھائی کو بھی سرکاری ملازمت دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پانچ کلوواٹ شرط اور دیگر پابندیوں پر نظرثانی مکمل کر لی گئی ہے اور ٹرانسپورٹ پالیسی میں اصلاحات پر عملدرآمد جاری ہے۔ مظاہرین کے خلاف درج 177 ایف آئی آرز واپس لے لی گئی ہیں اور قانونی کارروائیاں ختم کر دی گئی ہیں۔ پنجاب اور کے پی کے کی طرز پر پراپرٹی ٹیکس اصلاحات نافذ کر دی گئی ہیں، جبکہ بجلی میٹرز کی شفاف تنصیب کیلئے ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر کے مطابق نیب قوانین کے مطابق احتسابی نظام کا نفاذ کر دیا گیا ہے اور مظفرآباد و کوٹلی میں دو نئے تعلیمی بورڈز کی منظوری دی جا چکی ہے۔