پی ٹی اے غیر قانونی سموں کی روک تھام کیلئے رولز بنائے:لاہور ہائیکورٹ

لاہور(آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے غیر قانونی موبائل سمز کی روک تھام کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو قواعد و ضوابط بنانے کا حکم دے دیا۔عدالت نے یہ ریمارکس غیر قانونی سمز فروخت کرنے کے مقدمے میں ملزم محمد عثمان کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست کی سماعت کے دوران دیے۔سماعت کے دوران جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیئے ملک کو دہشت گردی کا سامنا رہا ہے اور قوم نے بڑی قربانیاں دی ہیں، ایسا نہ ہو کہ غیر قانونی سمز دہشت گردی میں استعمال ہو جائیں، عدالت میں غیر قانونی سمز کی روک تھام سے متعلق تجاویز بھی پیش کی گئیں۔عدالت نے پی ٹی اے کو غیر قانونی سمز کی روک تھام کے لیے موثرقدامات اور رولز بنانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی، ملزم کے خلاف این سی سی آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔