وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کچھ لوگ سازشیں کرکے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے رہے، لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنی کارکردگی سے تمام مفروضوں کو غلط ثابت کیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس
لاہور میں صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فروری کا مہینہ ملکی تاریخ میں اہمیت کا حامل ہے۔ 8 فروری کے انتخابات کے وقت ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، کچھ عناصر ملک کو نقصان پہنچانے کے درپے تھے، لیکن مریم نواز نے 26 فروری کو وزارتِ اعلیٰ کا حلف لیا اور ایک سال میں اپنی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ دیے۔انہوں نے کہا کہ نارووال میں سڑکوں کا افتتاح ایک جلسے کی شکل اختیار کرگیا، جو ان تجزیہ کاروں اور نام نہاد صحافیوں کے لیے سبق ہے جو کہتے تھے کہ مسلم لیگ (ن) ختم ہو چکی ہے۔ عوام کو گالی گلوچ اور ریاستی اداروں پر حملے پسند نہیں، بلکہ وہ خدمت کو ترجیح دیتے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ جب دلیل ختم ہو جاتی ہے تو آواز اونچی کر دی جاتی ہے، لیکن خدمت ہی مسلم لیگ (ن) کا طرہ امتیاز ہے اور آئندہ سال اس سے بھی زیادہ کامیابیوں کا سال ہوگا۔
بلدیاتی امور اور صفائی مہم
وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ستھرا پنجاب مہم مریم نواز کے وعدے کی تکمیل ہے، جس میں صفائی کے ساتھ ساتھ روزگار کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے تھے کہ وہ ایک کروڑ نوکریاں دیں گے، وہ ن لیگ کی حکومت سے موازنہ کرلیں۔ پنجاب کی 154 میں سے 140 تحصیلوں کو صفائی کے لیے آؤٹ سورس کر دیا گیا ہے، جبکہ باقی 14 تحصیلوں میں کمپنیاں خود کام کر رہی ہیں۔ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی حکومت کے تحت انڈسٹری سے جڑے لاکھوں خاندانوں کو روزگار ملا ہے۔ ستھرا پنجاب مہم کے تحت 1 لاکھ 25 ہزار سے زائد نوکریاں دی جانی تھیں، جن میں سے اب تک 91 ہزار نوکریاں دی جا چکی ہیں، جبکہ اس مہم کے ذریعے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو ایک ارب روپے سے زائد کا بزنس ملے گا۔