پہلے بانی پی ٹی آئی مریم نواز بارے اخلاقیات سے گری گفتگو کرتا تھا، اب یہ کام علی امین اور بیرسٹر سیف نے بھی شروع کر دیا
پنجاب کے عوام نے مریم نواز کی کارکردگی پر اطمینان کی مہر لگائی ہے، خط بازیاں کرنا آپ کے لیڈر اور آپ لوگوں کی پرانی عادتیں ہیں
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے اڈیالہ کا قیدی اور اس کے چیلے بغض مریم میں ہلکان ہو رہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں مشیراطلاعات کے پی بیرسٹر سیف کو جواب دیتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا مریم نواز ایک سال بعد عوام کے سامنے اپنی کارکردگی پیش کرنے والی پہلی وزیراعلی ہیں، پنجاب کے عوام نے مریم نواز کی کارکردگی پر اطمینان کی مہر لگائی ہے۔ مریم نواز سے متعلق ایک جماعت اور اس کے لوگ مسلسل غلط الفاظ استعمال کر رہے ہیں، پہلے بانی پی ٹی آئی مریم نواز کے بارے میں اخلاقیات سے گری ہوئی گفتگو کرتا تھا، اب یہ کام علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف نے بھی شروع کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خط بازیاں کرنا آپ کے لیڈر اور آپ لوگوں کی پرانی عادتیں ہیں جو آج تک نہیں بدلیں، بانی پی ٹی آئی کی ٹریننگ پر ہی وزیراعلی کے پی اور ان کے ترجمان مریم نواز کے بارے میں ایسی گفتگو کرتے ہیں، ان کی باتوں، خاندانی اقدار اور ان کی فیملی کی خواتین پر ترس آتا ہے