پاکستان عالمی امن کیلئے اقوام متحدہ کے کردار کو اہمیت دیتا ہے: اسحاق ڈار

 نائب وزیر اعظم کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش سے ملاقات، عالمی چیلنجز پر کثیرالجہتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
شنگھائی (آن لائن)  نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی میں ورلڈ اے آئی کوآپریشن کانفرنس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش سے ملاقات کی، جس میں علاقائی اور عالمی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ  خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی اور بین الاقوامی چیلنجز کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ ان مسائل سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے کثیرالجہتی تعاون، بین الاقوامی شراکت داری اور مضبوط سفارتی روابط ناگزیر ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان عالمی امن، پائیدار ترقی اور جامع پیش رفت کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے کردار کو اہمیت دیتا ہے اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعمیری تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے