پیرافورس میں ساتویں گریڈ کی پانچ سو آسامیوں کا اعلان

لاہور (زیڈ این این) پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے تحت پیرافورس نے صوبے بھر میں ساتویں گریڈ کی 500 آسامیوں پر بھرتی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے سارجنٹ ڈرائیورز کی اسامیاں باضابطہ طور پر مشتہر کر دی گئی ہیں۔اعلامیے کے مطابق پیرافورس میں مجموعی طور پر 500 سارجنٹ ڈرائیورز بھرتی کیے جائیں گے، جن میں سے لاہور کے لیے 65 آسامیوں کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے جبکہ باقی اضلاع کے لیے علیحدہ علیحدہ کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ سارجنٹ ڈرائیور کی یہ اسامی ساتویں گریڈ میں ہوگی۔اتھارٹی کے مطابق بھرتی کے لیے امیدواروں کی عمر کی حد 18 سے 25 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ تعلیمی اہلیت انٹرمیڈیٹ پاس ہونا لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ امیدوار کے پاس ایل ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس ہونا بھی ضروری ہوگا۔ بھرتی کے عمل کے دوران امیدواروں سے فزیکل ٹیسٹ اور ڈرائیونگ ٹیسٹ بھی لیا جائے گا۔اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ درخواستیں نیشنل اپلیکیشن سروس کے ذریعے آن لائن جمع کروائی جائیں گی، جبکہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک مکمل درخواستیں جمع کروائیں۔