پولیس ٹیم نے مشکوک گاڑی کو روکا تو موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی
نسپکٹر محمد افضل زخمی ، ہسپتال منتقل،فرار ملزم گاڑی چوری اور سنیچنگ میں ملوث تھے
لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی ڈی اے وی ایل صدر ڈویڑن کی ٹیم پر دورانِ کارروائی ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں سی سی ڈی کے انسپکٹر محمد افضل زخمی ہو گئے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ذرائع پولیس کے مطابق ڈی ایس پی اے وی ایل صدر ڈویڑن مہدی کاظمی کی ہدایت پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مشکوک ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کی گئی تھی۔ پولیس ٹیم نے مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو ملزم کے ساتھ موجود موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اچانک فائرنگ شروع کر دی اور فرار ہو گئے فائرنگ کے نتیجے میں انسپکٹر محمد افضل زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان گاڑی چوری اور سنیچنگ کی سینکڑوں وارداتوں میں ملوث تھیواقعے کے بعد سی سی ڈی پولیس نے اپنی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دریں اثنا زخمی انسپکٹر محمد افضل کی عیادت کے لیے ایڈیشنل آئی جی سہیل ظفر چٹھہ، ڈی آئی جی سی سی ڈی وقاص الحسن، آر او سی سی ڈی شیخوپورہ عبدالحنان، ایس پی اے وی ایل ایس لاہور عامر عادل، ڈی ایس پی اے وی ایل ایس صدر ڈویڑن مہدی کاظمی سمیت دیگر اعلیٰ افسران ہسپتال پہنچے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ڈی ایس پی مہدی کاظمی نے انسپکٹر محمد افضل کی بہادری اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے کیش انعامات اور قائد اعظم پولیس میڈل دینے کی سفارش بھی کر دی ہے۔