ملیالم فلم انڈسٹری کے ہمہ جہت فنکار سری نیواسن 69 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ملیالم فلم انڈسٹری کے ہمہ جہت فنکار سری نیواسن 69 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ملیالم فلم انڈسٹری کی مقبول اور باوقار شخصیت، اداکار، اسکرین رائٹر، ہدایت کار اور پروڈیوسر سری نیواسن ہفتے کے روز 20 دسمبر کو 69 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

 ان کے انتقال کی تصدیق معروف بھارتی میڈیا ادارے ماتھروبھومی نے کی ہے۔رپورٹس کے مطابق سری نیواسن کو ہفتے کی صبح ڈائیلاسز کے لیے ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ اس دوران ان کی طبیعت اچانک مزید بگڑ گئی۔ انہیں فوری طور پر تریپونیتھورا تعلق ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ صبح تقریباً 8:30 بجے انتقال کر گئے۔سری نیواسن کو ملیالم سینما میں ایک ہمہ جہت فنکار کے طور پر جانا جاتا تھا۔ اداکاری، اسکرین رائٹنگ، ہدایت کاری اور فلم پروڈکشن سمیت انہوں نے فلم سازی کے ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ ان کی تحریروں میں سادگی، منفرد مزاح اور معاشرتی مسائل پر گہری نظر نمایاں تھی، جس نے انہیں عوام میں بے حد مقبول بنایا۔فلمی حلقوں کے مطابق سری نیواسن محض ایک فلم ساز نہیں تھے بلکہ عام انسان کے جذبات، احساسات اور روزمرہ تجربات کو کہانیوں میں ڈھالنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے تخلیق کردہ کردار اور فلمیں آج بھی شائقین کے دلوں میں زندہ ہیں۔

ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی مداحوں اور ساتھی فنکاروں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ فلمی برادری نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو ناقابلِ فراموش قرار دیا ہے۔سری نیواسن نے اپنے طویل اور کامیاب کیریئر کے دوران ملکی اور بین الاقوامی سطح پر متعدد اعزازات حاصل کیے، جبکہ ملیالم سینما میں ان کا مقام ہمیشہ ایک ممتاز اور بااثر فنکار کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔