ملیالم سینما کے سینئر اداکار سنتوش کے نائر ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئے

ملیالم سینما کے سینئر اداکار سنتوش کے نائر ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئے

بھارت کی بھارت کی ملیالم فلم انڈسٹری کے معروف اور سینئر اداکار سنتوش کے نائر 65 برس کی عمر میں ایک المناک ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔

حادثہ منگل کی صبح ریاست کیرالہ کے علاقے ایڈور میں پیش آیا، جہاں ان کی کار سامنے سے آنے والے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے وقت ان کی اہلیہ بھی گاڑی میں موجود تھیں جو شدید زخمی ہو کر اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ابتدائی رپورٹس کے مطابق حادثے کے فوراً بعد سنتوش کے نائر کو قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔ان کی وفات کی خبر سامنے آتے ہی ملیالم فلم انڈسٹری میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ مداحوں کی بڑی تعداد بھی سوشل میڈیا پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کر رہی ہے۔

سنتوش کے نائر نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 1982 میں فلم ایتھو آرتی کتھا سے کیا تھا اور اپنے طویل سفر میں 100 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ وہ خاص طور پر منفی اور مزاحیہ کرداروں کی وجہ سے پہچانے جاتے تھے۔فلمی دنیا کے ساتھ ساتھ انہوں نے ٹیلی ویژن ڈراموں میں بھی نمایاں کام کیا اور اپنی منفرد اداکاری سے الگ شناخت قائم کی۔ ان کی اچانک وفات کو ملیالم سنیما کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔